الاربعین کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کی شب 20 تیر (10 جولائی) کو ہونے والے ایک اہم اجلاس میں سیستان و بلوچستان میں ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل جابر علیمحمدی نے کہا کہ ایرانشہر میں مقامی صلاحیتوں، بنیادی ڈھانچے اور رضاکارانہ قوت کو متحرک کر کے ایک ہمہ گیر میڈیا نیٹ ورک تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے میڈیا کارکنوں اورعوامی رضاکاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستانی زائرین کی موجودگی سے متعلق مواد کی تیاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرجاوہ، ریمدان، زاہدان اورایرانشہر جیسے اہم مقامات پر میڈیا ٹیموں کی تعیناتی، موکبوں کا قیام اورزائرین کی آمد کی دستاویزی کوریج کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی عوامی میڈیا کی قوت کو بھی بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔
اس موقع پر اربعین کمیٹی برائے امورِ صوبہ جات کے سیکرٹری محمود کردستانی نے بتایا کہ رواں سال قومی میڈیا (صدا و سیما) نے اربعین کی کوریج کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ اُن کے مطابق، "زائر امام حسینؑ جب گھر سے نکلتا ہے تو وہ عزت اور احترام کا مستحق ہوتا ہے۔ میڈیا کا فرض ہے کہ اس روحانی سفر کو نہایت پیشہ ورانہ انداز میں اجاگر کرے۔
ایرانشہر کے ڈپٹی کمشنر اور اربعین کمیٹی کے سربراہ سلیم کدخدا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایرانشہر ایک کلیدی راہداری کے طورپر پاکستانی زائرین کو عراق کے مقدس مقامات تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ موقع تقریب مذاہب اور سیستان و بلوچستان کی دینی و ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے بھی ایک سنہری موقع ہے۔ ہم تمام سماجی، حکومتی اور عوامی وسائل کو اس مقصد کے لیے بروئے کار لائیں گے۔