الاربعین اردو کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کی آمد کے ساتھ ہی ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں پاکستانی زائرین کے استقبال اور اس مذہبی اجتماع کی میڈیا کوریج کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس موقع پر ایرانی نشریاتی ادارے کے صوبائی ڈائریکٹر جنرل جابر علیمحمدی نے بتایا کہ ایرانشہر سمیت میرجاوہ اور ریمدان بارڈرز پر زائرین کی آمد کے حوالے سے زمینی و ابلاغی انفرااسٹرکچر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی وسائل، انسانی صلاحیتوں اور عوامی جذبے کو بروئے کار لا کر اس عظیم دینی حماسے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے میڈیا رضاکاروں اور عوامی نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستانی زائرین کی خدمت اور کوریج کے لیے آگے آئیں اور معنوی و بصری مواد کی تیاری میں کردار ادا کریں۔
اربعین کمیٹی کے سیکرٹری برائے صوبائی امور نے کہا کہ رواں برس میڈیا کوریج کے لیے قومی سطح پر غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائر امام حسینؑ کے احترام کو اولین ترجیح دی جائے گی اور میڈیا اس مقدس سفر کی ہر لمحے کو پیشہ ورانہ انداز میں ریکارڈ کرے گا۔
ایرانشہر کے ڈپٹی کمشنر اور اربعین کمیٹی کے سربراہ سلیم کدخدا نے ایرانشہر کو ایک "اسٹریٹجک پل" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانشہر پاکستانی زائرین کو عتبات عالیات تک پہنچانے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور اس موقع سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور صوبے کی مذہبی و ثقافتی شناخت کو اُجاگر کرنے کے لیے بھرپور فائدہ اُٹھایا جائے گا۔
حکام کے مطابق، میرجاوہ اور ریمدان کے بارڈرز، زاہدان اور ایرانشہر میں موکبوں کے قیام، لائیو کوریج، اور زائرین کی دستاویزی عکس بندی کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس بار عوامی میڈیا، مقامی رضاکار اور ثقافتی تنظیمیں بھی فعال کردار ادا کریں گی تاکہ زائرین کے استقبال کی یہ حماسی فضا دنیا بھر میں اجاگر کی جا سکے۔