وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران صوبے بھر میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیلئے رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
پنجاب میں بھی رینجرز کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے لیے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، صوبائی وزیرانسداد دہشت گردی محمدایوب، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف پنجاب میں بھی رینجر کو اختیارات دینے سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاتفریق آپریشن، کالعدم تنظیموں کےمعاشی ذرائع بند اور سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبے بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کا دائرہ وسیع کرنے اور اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تعاون میں مزید بہتری لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ افغان مہاجرین کی غیر قانونی نقل وحرکت کو روکنے کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی منظوری دی گئی۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان ہمیشہ کی طرح کسی بھی افسوسناک سانحے کے بعد مختلف قسم کے اقدامات اٹھانے کی بات کرکے میڈیا کی توسط سے عوام کے غم و غصے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتی ہے اور چند دن گزرنے کے بعد سب کچھ بھول کر ماضی کی طرح دوبارہ کسی دوسرے دہشتگرد حملے کی خبر یا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئی رپورٹ جاری کرکے دے دیتے ہیں یا خود دہشتگرد گروہ کوئی کارروائی کرکے عوام کو ان کی حکومت کی ناکامی اور نااہلی یاد دلاتے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے سے دہشتگردی میں کمی واقع ہوسکتی ہے بشرطیکہ بعض حکام رینجرز کو کسی خاص گروہ سے وابستہ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرنے میں رکاوٹ نہ بنے۔