Wednesday 27 November 2024

14 August 2023

تہران میں آئندہ ہفتے فلسطین کانفرنس کا انعقاد

تہران میں آئندہ ہفتے فلسطین کانفرنس کا انعقاد


انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں ہونے والی چھٹی فلسطین کانفرنس کے ترجمان کاظم جلالی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس کانفرنس کے ذریعے مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی تقویت اور امت اسلامیہ اور دیگر اقوام کی توجہ فلسطینی عوام کی امنگوں کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہے- فلسطین کانفرنس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ فلسطین مسلمانوں کے اتحاد کا ایک اہم محور ہے - ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کوشش کررہی ہے کہ علاقے کے بحرانوں سے فائدہ اٹھائے لیکن لبنان اور فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی کامیابیوں اور صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتنیاہو کی رہائشگاہ کے قریب پہلی بار فلسطینی مجاہدین کے ذریعے فائر کئے گئے میزائل سے صورتحال تبدیل ہوگئی- فلسطین کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت نے حال ہی میں صیہونی بستیوں کو قانونی جواز فراہم کرنے کے لئے اپنی پارلیمنٹ سے ایک بل پاس کرایا لیکن اس بل کی حتی سلامتی کونسل نے بھی مذمت کی- انہوں نےاس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت کے پاس دو سو سے زائد ایٹمی وارہیڈز ہیں کہا کہ صیہونی حکومت نے عالم اسلام میں بحران پیدا کرنے اور اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے گوداموں کی تقویت کو اپنے ایجنڈے میں شامل کررکھا ہے - انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف استقامت اور صیہونیت مخالف جد وجہد سے ہی حل ہوگا- دو روزہ فلسطین کانفرنس آئندہ ہفتے بدھ کو شروع ہوگی جس میں اسلامی ملکوں کے اسپیکروں اور ڈپٹی اسپیکروں کے ساتھ ساتھ فلسطینی گروہوں کے رہنما بھی شریک ہوں گے