پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں مجلس وحدت مسلمین کشمیر کے سیکریٹری جنرل علامہ تصور نقوی جوادی پر قاتلانہ حملے اور پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، لیکن حکومت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تیار نہیں ہے، اچھے اور برے دہشتگردوں کی ڈکشنری سے عوام کو گمراہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں پر بزدلانہ حملوں سے پوری قوم کو ڈرایا جا رہا ہے، وادی نیلم میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ تصور نقوی الجوادی پر قاتلانہ حملہ بھی دہشتگردی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خلاف کمربند ہے اور اپنی آواز ہمیشہ بلند رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے علامہ جوادی اور پشاور دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔