شام کے وزير اطلاعات و نشریات نے شامی عوام کی حمایت اور ان کی مظلومانہ آوازکو دنیا تک پہنچانے کے سلسلے میں اسلامی مزاحمتی ذرائع ابلاغ کے اہم کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے درخشاں اور گرانقدر کارناموں میں مظلوم قوموں کی حمایت شامل ہے۔
شامی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ شام پر مسلط کردہ جنگ صرف سیاسی اور فوجی جنگ نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ گير جنگ ہے جس میں شامی عوام کی ثقافت اور تاریخ کو بھی نشانہ بنایا گيا ہے۔
رامز ترجمان نے اس جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی اہم اقدار کا حامل ہے جنھیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ شامی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شام اور ایران کے ذرائع ابلاغ میں گہرا رابطہ ہے اور ایرانی ذرائع ابلاغ نے شامی عوام کی مظالومانہ آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شامی وزیراطلاعات و نشرایات نے کہا کہ شامی قوم کے دشمن اپنے شوم اہداف تک نہیں پہنچ سکے اور وہ اس میدان میں شکست و ناکامی سے دوچار ہوگئے ہیں اور شامی عوام کی دشمنوں پر فتح یقینی ہے اور ہم فتح اور کامیابی کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
.....