پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے خبر رساں ایجنسی ارنا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بچھلے نو ماہ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین میں35 فی صد اضافہ ہوا ہے اور اس میں مزید اضافہ کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت ایسے وقت میں حاصل ہوئی جب دونوں ملکوں کے بینکاری چینل ابھی پوری طرح فعال نہیں ہوئے ہیں۔ ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ بینکاری چینلوں کے فعال ہوجانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں مزید تیزی پیدا ہوگی۔
مہدی ہنردوست نے بتایا کہ اپریل2016 کے آغاز تک ایران اورپاکستان کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم 805 ملین ڈالر تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مدت کے دوران ایران نے 573 ملین ڈالر کا سامان پاکستان کو برآمد کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ محض ایک ماہ کے اندر اندر ایران اورپاکستان کے درمیان تجارت کا حجم 1 ارب 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرجائے گا۔