اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز تہران میں مولداویہ کے صدر ایگور دودون سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران اور مولداویہ مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کر سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ایران، تیل و گیس کی پیداوار میں اپنی اعلی توانائی کی بدولت اس شعبے میں مولداویہ کی اہم ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔
انھوں نے ایران اور مولداویہ کے درمیان بینکنگ تعاون کی توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔
اس ملاقات میں مولداویہ کے صدر نے بھی ایران کو قدیم تاریخ و تمدن کا حامل ملک قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے ایران اور مولداویہ میں تعاون کی وسیع توانائیوں اور گنجائشوں سے استفادہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے ایران کے صدر کو مولداویہ کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے تہران اور کیشینا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات و تعاون کی توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔