Wednesday 27 November 2024

14 August 2023

5فروری یوم یکجہتی، کشمیریوں کے لئے پاکستانی قوم و قیادت کا بے بدل تحفہ ۔آغا حسن

5فروری یوم یکجہتی، کشمیریوں کے لئے پاکستانی قوم و قیادت کا بے بدل تحفہ ۔آغا حسن


سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کے تئیں سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پرپاکستانی قوم و قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم و قیادت کا جذبہ یکجہتی کشمیریوں کی تحریک آزادی کا بے بہا سرمایہ ہے پانچ فروری کو پاکستانی قوم و قیادت کشمیری مظلوم عوام کے ساتھ یوم یکجہتی مناکر کشمیریوں سے اپنی والہانہ ہمدردی اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کو مسلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے حوالے سے ذمہ داریوں کا احساس دلاتی ہے پاکستانی قوم و قیادت کا یہ جذبہ ہمدردی اور مظلوم نوازی کشمیریوں کے لئے ایک بے بدل تحفہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے سفارتی سطح پر اپنے تمام وسائل کو بروے کار لاکر اس مسئلہ کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ اٹھارکھی 2016کی پانچ ماہی ہمہ گیر احتجاجی تحریک کے بعد پاکستان کی سفارتی مہم میں ایک نئی شدت اور جدت کشمیریوں کے لئے انتہائی حوصلہ افزا ہے کشمیری عوام پرامید ہیں کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں میں یہ شدت اور جدت مسئلہ کشمیر کے حل تک جاری رہیں گی۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کلکتہ عدالت کی طرف سے کشمیری نوجوان مظفر وانی کو سزائے موت سنانے کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کو بھاجپا کے سیاسی عزائم کا عکاس اور انصاف و انسانیت کا قتل قرار دیا انھوں نے کہا کہ مظفر وانی کو 14سال کی عمر میں گرفتار کر کے فرضی کیس کے تحت پابند سلاسل کیا گیا اور 14سالہ نظر بندی کے بعد جرم بے گناہی کی پاداش میں سزائے موت سناکر سیاسی مقاصد کی تکمیل کی جا رہی ہے۔

آغا صاحب نے کہا کہ بھارت کی کچھ بڑی ریاستوں میں انتخابات کے عین موقعہ پر نوجوان موصوف کو سزائے موت سناکر وہی داو کھیلا جا رہا ہے جو 2014کے انتخابات کے وقت شہید افضل گورو کو پھانسی دیکر بھارت کی کانگرس پارٹی نے کھیلا تھا آغا صاحب نے قائد تحریک سید علی شاہ گیلانی کی صحت یابی اور عمر درازی کی دعا کی اور گیلانی صاحب کے سایہ سرپرستی کو رواں جدوجہد کا سرمایہ افتخار قرار دیا۔