خود مختار ریاستوں میں امریکہ و برطانیہ کی مداخلت کے دن گذر چکے ہیں: برطانوی وزیر اعظم
خود مختار ریاستوں میں امریکہ و برطانیہ کی مداخلت کے دن گذر چکے ہیں: برطانوی وزیر اعظم
برطانوی وزیر اعظم ’’تھریسا مئے‘‘ نے امریکی ریاست پنسیلوانیا کے شہر فیلاڈیلفیا میں ریپبلکن اراکین کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ مغرب کی مرضی کے مطابق دنیا کو تبدیل کرنے کے لئے دنیا کے آزاد ملکوں میں فوجی مداخلت کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب برطانوی فوجی دیگر ممالک میں جمہوریت کے قیام کے لئے نہیں بھیجے جائیں گے۔ تھریسا مئے نے برطانیہ اور امریکہ کی ماضی کی پالیسیوں کو شکست خوردہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کبھی ماضی کی پالیسیوں کو اختیار نہیں کرے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ اور نیٹو کی ماہیت کا دفاع کرتے ہوئے ان دونوں اداروں میں سرگرمیوں کو بامقصد بنانے کے لئے اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
برطانوی وزیر اعظم نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد اور خلاف ورزی کا فوری طور پر سدباب کئے جانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی وزیر اعظم اپنے دورہ امریکہ میں جمعے کو اس ملک کے صدرسے ملاقات کر رہی ہیں۔