مشہد مقدس باقاعدہ عالم اسلام کا ثقافتی دار الحکومت منتخب
مشہد مقدس باقاعدہ عالم اسلام کا ثقافتی دار الحکومت منتخب
دوہزار سترہ میں مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کئے جانے کی تقریب منگل کی صبح فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے قدس ہال میں منعقد ہوئی جس میں ایران کی اعلی شخصیات کے علاوہ دنیا کے اکیاون اسلامی ملکوں کی دوسو پچاس سیاسی اور ثقافتی شخصیتوں نے شرکت کی -
مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت مقرر کئے جانے کی تقریب میں ایران کے وزیرثقافت ، حرم مطہر کے متولی اور دیگر اہم ایرانی شخصیات کے ساتھ ساتھ دنیا کے اکیاون ملکوں کے مہمانوں نے شرکت کی جن میں وزراء، اراکین پارلیمان ، ایران میں متعین غیرملکی سفرا اور دیگر ملکوں کی مذہبی اور ثقافتی شخصیتوں نے حصہ لیا - تقریب میں پاکستان ، تنزانیا ، افغانستان ، یوگینڈا ، موریطانیہ ، الجزائر اور شام کے وزرا نے شرکت کی-
اس کے علاوہ مختلف ملکوں کی دیگرسیاسی، ثقافتی اور سماجی شخصیتیں اس تقریب میں شریک ہوئیں -
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرثقافت و ہدایت اسلامی سید رضا صالحی امیری نے کہا کہ عالم اسلام میں انتہا پسندی پرغلبہ پانے کا بہترین طریقہ اتحاد ہے اور امام رضا علیہ السلام کی تعلیمات سے اس اتحاد کو عملی شکل دی جا سکتی ہے - انہوں نے کہا کہ مشہدمقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کئے جانے سے اتحاد کی آواز کو پوری دنیا تک پہنچایا جاسکتا ہے - ایران کے وزیرثقافت و ہدایت اسلامی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ موجودہ صورتحال میں اسلامی معاشروں میں اتحاد اور اخلاق کا نعر ہ پوری قوت کے ساتھ بلند کیا جانا چاہئے کہا کہ پیغمبراسلام ( ص) نے اپنی بعثت کا مقصد مکارم اخلاق کو قراردیا تھا اورعالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت مقرر کرنےکے تعلق سے آیسسکو کا معیار بھی اسی بنیاد پر استوار ہے -
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ خراسان رضوی کے گورنرعلی رضا رشیدیان نے بھی کہا کہ مشہد مقدس کوعالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کئے جانے سے یہ گرانقدر موقع ہاتھ آیا ہے کہ عالم اسلام میں نئے اسلامی تمدن کو متعارف کرایا جائے - صوبہ خراسان رضوی کے گورنر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ مشہد مقدس عالم اسلام کے مستقبل میں بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے کہا کہ یہ شہرعالم اسلام کے بڑے مذہبی شہروں میں سے ایک ہے اور علاقے میں ثفافتی اور نظریاتی رابطوں کا مرکز شمار ہوتا ہے-
مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت قراردئے جانے کی تقریب بدھ کو بھی جاری رہے گی -