Wednesday 27 November 2024

14 August 2023

جو لوگ اپنی جان و مال اور عزت و آبرو کا دفاع کررہے ہیں وہ، دہشت گرد نہیں ہیں

جو لوگ اپنی جان و مال اور عزت و آبرو کا دفاع کررہے ہیں وہ، دہشت گرد نہیں ہیں


تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ موحدی کرمانی نے عراق اور یمن میں ایران کی مبینہ مداخلت کے سعودی وزیر خارجہ کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ 
انھوں نے کہا کہ آج عراق، یمن ، بحرین اور شام میں سعودی حکومت براہ راست جن جرائم کا ارتکاب کررہی ہے ، دنیا والے ان سے بھی واقف ہیں اور جن جرائم کا ارتکاب آل سعود کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کررہے ہیں ، وہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ 
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب نے کہا کہ سعودی حکومت اور اس علاقے نیز خطے سے باہر کی بعض حکومتوں نے شام کے منتخب اور قانونی صدر بشار اسد کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے اس ملک میں مداخلت کی لیکن اس کا نتیجہ خونریزی اور تباہی کے علاوہ اور کچھ نہ نکل سکا۔ 
انھوں نےعراق میں دہشت گردی، بحرین میں عوام کی سرکوبی اور یمن میں عورتوں اور بچوں سمیت عام شہریوں کے قتل عام کا ذمہ دار بھی سعودی حکومت کو قرار دیا ۔ 
آیت اللہ موحدی کرمانی نے اسی طرح امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نصیحت کی کہ وہ سابق امریکی صدور کی غلط پالیسیوں اور دوسرے ملکوں کے امور میں مداخلت کے بجائے اپنے ملک کے عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں ۔ 
انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جو لوگ اپنی جان و مال اور عزت و آبرو کا دفاع کررہے ہیں وہ، دہشت گرد نہیں ہیں۔ 
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب نے امریکی صدر کو نصیحت کی کہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں ۔ 
آیت اللہ موحدی کرمانی نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ نزدیک آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب آسانی نے نہیں آیا بلکہ اس راہ میں بے شمار ایرانی نوجوان شہید ہوئے اور انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے بہت سے لوگوں نے انواع و اقسام کی ایذائیں برداشت کیں۔