اسلامی تعاون تنطیم کے ثقافتی اور سائنسی ادارے آیسسکو نے عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت کی حیثیت مشہد المقدس کو خصوصی درجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
آیسسکو کی ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ امینہ الحجری نے کہا کہ مشہد المقدس، کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے اور دنیا کا ہر مسلمان اس شہر کی نمایاں اور منفرد خصوصیات سے اچھی طرح واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھرپور تہذیبی ورثے، نمایاں تاریخی کردار، عوام کی مہمان نوازی اور بہترین انتظامات، مشہد المقدس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔آیسسکو کی ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مشہد کو عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت کے قرار دینے کی تقریب ، ان کی توقع سے زیادہ اہتمام اور معیاری طریقے سے منائی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے تک وہ مشہد کو صرف ایک مذہبی شہر سمجھتی تھیں لیکن یہاں آکر انہیں اس شہر کی تاریخی، ثقافتی اور انتظامی خصوصیات کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔
قابل ذکر ہے کہ مشہد المقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت قرار دیئے جانے کی دو روزہ تقریبات منگل کے روز حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے کے قدس حال میں شروع ہوئی تھیں، ان تقریبات میں دنیا کے اکیاون ملکوں کے اہم عہدیدار اور سفرا شریک تھے۔