کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے قاری محمد کاظم شاکری شہید
کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے قاری محمد کاظم شاکری شہید
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں شیعہ کشی کا ایک اور واقعہ پیش آگیا، تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے قاری محمد کاظم شاکری شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں واقع منور چورنگی کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے 39 سالہ محمد کاظم ولد غلام عباس شہید ہوگئے، دہشت گردوں نے شہید کاظم کو 3 گولیاں ماریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے منور چورنگی کے قریب محمد کاظم عباس ولد غلام عباس کو پیچھے سے گولیاں ماریں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر شہید ہوگئے۔ سپریٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر فہد احمد رائے کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ فرقہ وارانہ قتل معلوم ہوتا ہے۔ شہید کاظم کے جسد خاکی کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سید ذوالفقار عابدی شہید ہوگئے تھے۔ دو دن میں دوسری شیعہ شہادت نے جہاں سندھ حکومت کے امن و امان کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، وہیں کراچی آپریشن پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سندھ حکومت اس سلسلے میں کیا اقدامات کرتی ہے، تاکہ بے گناہ پاکستانی شہریوں کے قتل عام کو روکا جاسکے۔