امریکی وزارت خارجہ نے شامی بحران کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کیا
امریکی وزارت خارجہ نے شامی بحران کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کیا
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا آستانہ میں ہونے والے حالیہ سہ فریقی مذاکرات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا: ہم شام میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کی ہر قسم کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سہ فریقی مذاکرات سے شام کے سیاسی بحران کے حل میں مدد ملے گی۔
مارک نے ایران، روس اور ترکی سے اپیل کی ہے کہ تینوں ممالک شامی حکومت سمیت تمام گروہوں کو جنگ بندی پر راضی کرانے کی کوششیں تیز کرکے انہیں مذاکرات کی میز پر لائیں۔
واضح رہے کہ آستانہ اجلاس کے اختتام پر تینوں ممالک نے ایک معاہدے پر دستخط کیا تھا اور طے پایا تھا کہ تینوں ممالک شام میں جنگ بندی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
اجلاس کے اختتامی بیان میں کہا گیا کہ پورے شام میں جنگ بندی ہوگی اور جنگ بندی کی نگرانی کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی-
معاہدے کے مطابق جنگ بندی کا اطلاق ان علاقوں پر نہیں ہوگا جہاں داعش اور النصرہ فرنٹ جیسے دہشت گرد گروہوں کا کنٹرول ہے۔
آستانہ مذاکرات کے اختتامی بیان میں شام میں اقتدار کی منتقلی کے مقصد سے ایک میکینزم تک پہنچنے پر بھی اتفاق رائے کا ذکر کیا گیا۔
تینوں ممالک نے شام سے متعلق سیاسی مذاکرات آئندہ آٹھ فروری کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں جنیوا میں دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔