الفرات نیوز کے مطابق، موصل میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی کارروائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق موصل کے بائیں جانب فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے کارروائی کرکے دسیوں داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
قادمون یا نینوا کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ موصل کے بائیں جانب کے علاقوں میں عراقی سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
عراقی فوج کے ذرائع کے مطابق کارروائی میں داعش کی 5 بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔
دوسری طرف حشد الشعبی کے جوانوں نے موصل کے علاقے الحضر میں داعش کا ایک منظم حملہ پسپا کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک یا زخمی کردیا ہے۔
عراقی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ائیر فورس کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ الانبار میں داعش کے کئی اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ لڑاکا طیاروں کے حملوں میں داعش کے کئی اہم رہنما میں ہلاک کردئے گئے ہیں۔
عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق، کرکوک کے علاقے الحویجہ میں لڑاکا طیاروں کی کارروائی میں کم سے کم 10 تکفیری دہشت گرد مارےگئے۔
واضح رہے کہ موصل میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نہایت کامیابی کے ساتھ آپریشن میں مصروف ہیں اور عراقی فوج نے موصل شہر کے اندر کئی کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کو سخت نقصان پہنچا کر محلوں میں موجود سرکاری عمارتوں پر عراقی قومی پرچم لہرایا ہے۔
یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم نے (پیر 17 اکتوبر) کو موصل شہر کی دہشت گرد گروہ داعش سے آزادی کے لئے وسیع پیمانے پر کاروائیوں کے آغاز کی خبر دی تھی۔