امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی سے امریکا الگ تھلگ پڑجائے گا - جان کیری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے سبھی وعدوں پر عمل کیا ہے - امریکا کے نومنتخب صدر ٹرمپ نےانتخابی مہم کے دوران دھمکی دی تھی کہ وہ وائٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو پارہ کردیں گے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد ہے اور کسی ایک حکومت کے فیصلے سے اس کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا - ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے پر گذشتہ برس جنوری سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے-
پانچ جمع ایک گروپ کے سبھی ملکوں نے یہ عہد کیا ہے کہ وہ اس معاہدے پر عمل کریں گے لیکن امریکا نے ابھی تک اس پرعمل نہیں کیا ہے بلکہ اس کے برعکس اس نے ایران کے خلاف پابندیوں کی مدت میں مزید دسال کی توسیع کردی ہے - ایران نے امریکا کے اس اقدام کو ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے -