Thursday 28 November 2024

14 August 2023

نااہل حکومت نے قومی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا

نااہل حکومت نے قومی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا


اسلام آباد، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے قومی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ سندھ حکومت کی طرف سے وفاق پر کالعدم جماعتوں کی حمایت کا الزام اور نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی اس امر کا بین ثبوت ہے کہ حکومت تحقیقاتی اداروں کو قومی ترقی اور امن و امان کے قیام کی بجائے انتقامی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمہ کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے ۔ کالعدم جماعتوں کے ساتھ حکومت کے معذرت خوانہ رویہ نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ساتھ لچک کا مظاہرہ کر کے حکمران اپنی رہی سہی ساکھ بھی تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا سیاسی استحکام کا زینہ عوام ہیں نہ کہ کالعدم مذہبی جماعتیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو مضبوط کرنے کے لیے جامع منصوبہ سازی پر توجہ دیں۔ ملک کوکرپشن، بے روزگاری ،غربت ،دہشت گردی اور ناخواندگی جیسے مہلک امراض سے بچایا جائے جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر ادارے ملک کی بجائے حکمرانوں کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ملک کی اعلی عدلیہ کی طرف سے قومی احتساب بیورو کو کرپشن کا سہولت کار قرار دیا جانا لمحہ فکریہ ہے۔کرپٹ عناصر سے کسی قسم کی رعایت برتنا ملک و قوم سے غداری ہے۔تحقیقاتی اداروں کو سیاسی دباؤ سے جب تک آزاد نہیں کیا جاتا تب تک قانون کے نام پر سیاسی انتقام پروان چڑھتا رہے گا۔