درجنوں ایسے غیر ملکی مزدوروں کو کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے جن کا تعلق تعمیراتی کمپنی بن لادن اور سعودی اوگر گروپ سے ہے اور یہ ملازمین کئی ماہ سے تنخواہ سے محروم تھےجس کے بعد انہوں نے کمپنی کے خلاف احتجاج کیا اور ہنگامہ آرائی کی۔
ان ملازمین کو سعودیہ عرب کی ایک عدالت نے سزا سنائی ہے جس میں کچھ مجرموں کو چار ماہ قید اور 300 کوڑے مارنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ کچھ مجرموں کو ڈیڑھ ماہ قید کا حکم دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مذکورہ کمپنیوں کے ان ملازمین نے چند ماہ قبل تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج کیا تھا اور اس دوران انہوں نے بن لادن گروپ کی کئی بسوں کو نذر آتش کردیا تھا تاہم عدالت کی جانب سے سزا پانے والے ان ملازمین کے بارے میں یہ نہیں بتایا گیا ک ان کا تعلق کس ملک سے ہے۔
برطانی نشریاتی ادارے کے مطابق القاعدہ کے سابق رہنما اسامہ بن لادن کے والد نے 80 برس پہلے بن لادن گروپ نامی تعمیراتی کمپنی قائم کی تھی مالی بحران کا شکار ہونے کے بعد بن لادن گروپ نے 70 ہزار ملازمین کو برطرف کردیا تھا۔
اسی طرح لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری کی کمپنی سعودی اوگر کے ہزاروں ملازمین کو بھی کئی ماہ تنخواہ نہ ملی ، کچھ ملازمین کو ادائیگیاں ہوئیں تاہم ان کے سابقہ کئی ماہ کے بقایاجات انہیں نہ ملے۔