Thursday 28 November 2024

14 August 2023

ترکی میں نئے سال کے آغاز پر فائرنگ کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک و زخمی + تصاویر

ترکی میں نئے سال کے آغاز پر فائرنگ کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک و زخمی + تصاویر


عینی شاہدین اور ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ کلب میں دہشت گردی کے واقعے میں 3 حملہ آور شامل تھے جو سانتاکلاز کا لباس پہنے ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے پہلے گارڈ کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا پھرکلب میں داخل ہوکر فائرنگ کردی۔ مارے جانے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ترکی کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس دہشتگردانہ کارروائی کے بعد ایک حملہ آور کو فرار ہوتے ہوئے ہلاک کیا گیا ہے۔

استنبول شہر کے گورنر واسیپ شاہین نے اس واقعے کو دہشتگردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں 35 افراد سمیت ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 65 دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ترکی میں مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے وقت کلب میں 700 کے لگ بھگ افراد موجود تھے، جو سال نو کا جشن منانے کے لیے یہاں جمع ہوئے تھے۔

یاد رہے دس دسمبر کو ترکی کے استنبول شہر میں دو دھماکے ہوئے تھے جس میں 44 افراد ہلاک اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ ان حملوں میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر حالیہ دنوں میں استنبول میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے تھے اور 17 ہزار کے قریب پولیس اہلکار شہر بھر میں گشت زنی کرتے تھے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے دن ترک پولیس نے انقرہ شہر میں داعش دہشتگرد گروہ سے منسلک 8 افراد کو گرفتار کیا تھا جو نئے سال کی آمد کے موقع پر دہشتگردانہ کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکی میں 227 کے قریب افراد 2016 میں داعش کے دہشتگردانہ حملوں میں ہلاک ہوگئے ہیں۔