Thursday 28 November 2024

14 August 2023

صدر مملکت ڈاکٹر روحانی کی دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر تاکید

صدر مملکت ڈاکٹر روحانی کی دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر تاکید


جرمنی، رومانیہ، مراکش اور ایکواڈور کے نئے سفیروں نے ہفتے کو اپنی اسناد سفارت پیش کرنے کے لئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے الگ الگ ملاقات کی - صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جرمنی کے نئے سفیر سے ملاقات میں کہا کہ ایران یورپی ملکوں منجملہ جرمنی کے ساتھ تمام میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے - انہوں نے کہاکہ یورپی ملکوں میں جرمنی ایران کا پہلا تجارتی شریک ہے اور دونوں ممالک اپنے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں- صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے ایٹمی مذاکرات کے دوران جرمنی کے مثبت کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی کوچاہئے کہ ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے تعلق سے بھی اپنا مثبت کر دار ادا کرے -

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اور جرمنی کے تعلقات اور تعاون کی سطح میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور بیمہ اور بینکینگ کے شعبے میں بھی یہ تعلقات فروغ پانے چاہئیں- انہوں نے دہشت گردی اور دنیا کے سبھی ملکوں کے لئے اس کے خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سلامتی اور استحکام کا تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ نہ صرف علاقے کے ملکوں بلکہ پوری دنیا کے لئے اہم ہے اس لئے اس میدان میں سبھی ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے - تہران میں جرمنی کے نئے سفیر نے بھی کہاکہ ان کا ملک ایران کے ساتھ سبھی میدانوں میں اپنے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا خواہشمند ہے -

رومانیہ کے نئے سفیر نے بھی ہفتے کو تہران میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو اپنی سفارتی دستاویزات پیش کیں - اس ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور رومانیہ اپنے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی بہت زیادہ توانائی رکھتے ہیں بنابریں اس موقع سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے -انہوں نے مواصلاتی اور ٹرانزیٹ راستوں خاص طور پر ریل کے ذریعے ارتباط کی برقراری پر مبنی ایران کے وسیع منصوبوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ رومانیہ بحیرہ اسود کے ذریعے یورپ تک رسائی کے لئے ایران کا دروازہ بن سکتاہے اور رومانیہ بھی ایران کے راستے ایشیا اور مشرق وسطی کی منڈیوں تک مختصر عرصے میں اور آسانی کے ساتھ دسترسی حاصل کرسکتا ہے - رومانیہ کے نئے سفیر نے بھی کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے سبھی میدانوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتاہے -

مراکش اور ایکواڈور کے بھی نئے سفیروں نے ہفتے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے ملاقات کی - صدر مملکت نے مراکش کے سفیر سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہمہ جانبہ تعاون کو فروغ دینا چاہئے- انہوں نے کہا کہ ایران اور مراکش کے درمیان اقتصادی تجارتی اور سیاسی تعلقات کی توسیع ، دونوں ملکوں کے عوام کےمفاد میں ہے- ان کا کہنا تھا کہ تہران اور رباط کے تعلقات روز بروز فروغ پارہے ہیں - ایکواڈور کے نئے سفیر سے بھی ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ لاطینی امریکا کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع، ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم اصول ہے- انہوں نے کہا کہ آج لاطینی امریکا کے بہت سے ملکوں منجملہ ایکواڈور کے ساتھ ایران کے تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں -