Thursday 28 November 2024

14 August 2023

مشرقی موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی جاری

مشرقی موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی جاری


عراقی فوج کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے ایک کمانڈر عبدالغنی اسدی نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی اور اس شہر کے القدس علاقے میں عراقی فوج کے داخل ہونے کے ساتھ ہی موصل میں جمعرات کے روز عملی طور پر فوجی آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا۔

انھوں نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کے روز موصل کے مشرقی علاقے میں ایک سو ایک دہشت گردوں کو ہلاک کئے جانے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی ان کی پندرہ گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

عراقی فوجی ذرائع کے حوالے سے ایک اور خبر مین بغداد کے شمال میں واقع طارمیہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی تین گاڑیوں کو تباہ کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تین حملہ آور، ان گاڑیوں کے ذریعے کاظمین میں بم دھماکے کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔

جمعرات کے روز بغداد کے جنوب میں واقع المعالف کے علاقے میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور چھے دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ، موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی روکنے کی غرض سے عام شہریوں کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔