کشمیر کے بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین سید مقصود علی رضوی کے انتقال پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
اس پیغام کا ترجمہ حسب ذیل ہے؛
بسم الله الرحمن الرحیم
اذا مات المؤمن الفقیه ثلم فی الاسلام ثلمة لایسدها شیء.
عالم ربانی اور فقیہ نامدار حضرت حجۃ الاسلام و المسلمین سید مقصود علی رضوی کا انتقال الم و افسوس کا باعث ہے۔
یہ جلیل القدر عالم دین کشمیر کی برجستہ علمی شخصیات میں سے تھے کہ جنہوں نے اپنی پوری زندگی اس علاقے کے مظلوم عوام میں قابل قدر خدمات پیش کرنے میں صرف کر دی۔
انہوں نے نجف اشرف اور قم میں دینی تعلیمات حاصل کرنے کے بعد، کشمیر میں حوزہ علمیہ امام رضا کی بنیاد رکھ کر بہت سارے طلاب کو قرآن و عترت کی تعلیمات سے بہرہ مند کیا۔
مرحوم سید مقصود علی رضوی نے اسی طرح کئی سال اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی میں رکنیت کی حیثیت سے عالم تشیع کی فکری، ثقافتی اور سماجی پیشرفت کی راہ میں موثر کردار ادا کیا۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس نقصان پر امام عصر عج اللہ تعالی فی فرجہ الشریف، رہبر انقلاب اسلامی، مراجع تقلید، کشمیر کے علماء اور حوزہ ہائے علمیہ، نیز مرحوم کے اہل خانہ مخصوصا حجت الاسلام و المسلمین اوحدی اور مرحوم کے دو بیٹوں کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بارگاہ ایزدی سے مرحوم کے لیے بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتی ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی
۲۸،۱۲،۲۰۱۶ مطابق با ۲۸ ربیع الاول ۱۴۳۸
واضح رہے کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن اور کشمیر کے حوزہ علمیہ امام رضا (ع) کے پرنسیپل مولانا سید مقصود رضوی گزشتہ روز قم میں ہارٹ اٹیک کے باعث دار ابدی کی طرف کوچ کر گئے۔ خدا انہیں غریق رحمت کرے اور کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔