رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کی جانب سے حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے لبنان میں منعقدہ مرحوم عبد الناصر الجبری کی مجلس ترحیم میں شرکت کی۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے کل منگل کی شام کو لبنان کے سنی عالم دین شیخ الجبری کی مجلس ترحیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے مرحوم کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور کہا: رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی جانب سے مرحوم کے اہل خانہ کے علاوہ ان کے شاگردوں، مرحوم کے چاہنے والوں، تحریک امت اسلامی کے اراکین اور لبنان کے تمام اہل سنت و اہل تشیع مخصوصا حجۃ الاسلام و المسلمین سید حسن نصر اللہ کو تسلیت پیش کرتے ہیں۔
بیروت سے ابنا کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، آقائے اختری نے مرحوم کی اخلاقی، علمی اور سیاسی خصوصیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مرحوم نے اسلام اور اسلامی مزاحمت کی حمایت کی راہ میں ہمیشہ استقامت اور پائیداری کو ثبوت دیا اور اپنی زندگی میں امام خمینی (رہ) اور رہبر انقلاب اسلامی کے افکار کو عملی جامہ پہنایا۔
عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اسمبلی کے شعبہ ثقافت کے مدیر حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر ایمانی مقدم بھی موجود تھے۔
نیز مرحوم الجبری کی مجلس ترحیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی، سازمان فرہنگ و ارتباطات اسلامی اور جامعۃ المصطفیٰ(ص) العالمیہ کی جانب سے بھی نمائندوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ لبنان کے بزرگ اور مجاہد سنی عالم دین شیخ عبد الناصر الجبری جنہوں نے اپنی ساری عمر صہیونیت اور تکفیریت کے خلاف مجاہدت کی، گذشتہ ہفتے جمعرات کو اس دار فانی سے کوچ کر گئے تھے۔