مقبوضہ بیت المقدس کی بلدیہ نے شہر کے فلسطینی نشین علاقوں کی سڑکوں خاص طور پر سلوان علاقے کے محلے اور سڑکوں کے نام تبدیل کرنے شروع کر دیئے ہیں-
بیت المقدس کی بلدیہ نے پچھلے چند مہینوں کے دوران شہر کے اسلامی اور عربی ناموں کو ختم کرنے اور ان کی جگہ صیہونی نام رکھنے کی اپنی پالیسیوں کے تحت بیت المقدس کی سڑکوں کے نام صیہونی ناموں پر رکھنے شروع کر دیئے تھے-
بیت المقدس کے شہریوں نے بھی صیہونیوں کے اس اقدام پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس شہر کے محلوں اور سڑکوں کے تاریخی، اسلامی اور عربی ناموں کی اہمیت پر زور دیا ہے- واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ چند برسوں سے فلسطینی علاقوں خاص طور پر بیت المقدس میں اسلامی اور عربی ناموں اور آثار کو مٹانے کی اپنی پالیسیاں تیز کر دی ہیں-