ملا صبغت اللہ گزشتہ چند سال کے دوران صوبہ بغلان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں، سڑک کنارے بم دھماکوں اورسینکڑوں مظلوم افغان عوام کے قتل میں ملوث تھا۔ اس کمانڈر کی ہلاکت سے صوبہ بغلان میں طالبان گروہ کو کاری ضرب لگی ہے۔
شین ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان سیکورٹی فورسز نے جمعے کے روز صوبہ بغلان کے علاقے بغلان مرکزی میں طالبان کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں طالبان کا اہم کمانڈر ملا صبغت اللہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہو گئے۔ شمالی افغانستان میں افغان فوج کے ترجمان عبدالخلیل نے طالبان کے اس اہم کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
واضح رہے کہ افغان فوج اور سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف علاقوں میں طالبان کے ٹھکانوں کو ایک عرصے سے نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس میں اب تک طالبان کے سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔ طالبان کے اہم کمانڈروں کی ہلاکت سے اس گروہ کے مقابل افغان فوج کے طاقتور ہونے کی عکاسی ہوتی ہے۔