Wednesday 27 November 2024

14 August 2023

دنیا کے گوشہ وکنار میں جشن امین و صادق

دنیا کے گوشہ وکنار میں جشن امین و صادق


امن و رحمت کے پیغامبر حضرت محمد مصطفے صل اللہ وآلہ وسلم اور مکتب جعفری کے بانی حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سرا پا جشن و نور ہے - اس مبارک اور پرمسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں وسیع پیمانے پر جشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبھی شہروں کی سڑکوں گلیوں، مساجد اور مذہبی مقامات کو بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے - ایران کے شہروں کے چوراہوں اور گلیوں کے باہر لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کررہے ہیں جبکہ جگہ جگہ محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں علمائے کرام پیغمبراسللام کی سیرت و فضائل پر روشنی ڈال رہے ہیں اور شعرائے اہلبیت بھی پیغمبراسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول امام جعفرصادق علیہ السلام کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں -

ایران میں اس مناسبت سے مرکزی اجتماعات مشہد مقد س میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں عاشقان رسول و آل رسول کا جم غفیر ہے اور ہر طرف سے درود و سلام کی بارش ہورہی ہے - اس موقع پر دارالحکومت تہران می‍ں تیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے سیکڑوں علما اور اکابرین شریک ہیں اور مسلمانوں کو سیرت نبوی پر چلتے ہوئے امت مسلمہ میں اتحاد کی دعوت دے رہے ہیں - پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سترہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ہر طرف جشن ہے اور جگہ جگہ محفل میلاد منقعد کی جارہی ہیں -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعے کی شام اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام اللگ الگ پیغامات ارسال کرکے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت کی مبارکباد پیش کی - صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے تہنیتی پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان مبارک ایام کی برکت سے جو پیغمبر امن و رحمت کی ولادت کے ایام ہیں مسلمانوں کے درمیان آپسی بھائی چارہ اور اخوت وبرادری کا رشتہ پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ہوگا - صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امت محمدی اپنے اتحاد اور سیرت نبوی کی پیروی کرکے اسلامی ملکوں میں امن و استحکام کی راہ ہموار کرنے کی توانائی رکھتی ہے -