Wednesday 27 November 2024

14 August 2023

صدر: شیعہ و سنی مسلمان آپس میں بھائی بھائی اور پیرو اسلام ہیں

صدر: شیعہ و سنی مسلمان آپس میں بھائی بھائی اور پیرو اسلام ہیں


صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو تہران میں تیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبھی مسلمانوں کو پیغمبراسلام (ص) کی تعلیمات کے زیرسایہ اتحاد و برادری کی دعوت دی اور کہا کہ شیعہ کرسنٹ اور سنی مثلث کی اصطلاحیں غلط ہیں-
انہوں نے کہا کہ شیعہ و سنی مسلمان آپس میں بھائی بھائی اور اسلام و سیرت نبوی کے پیرو ہیں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دشمنوں کا مقصد اسلامی معاشروں میں مایوسی پھیلانا اور مواقع کو نابود کرنا ہے کہا کہ علاقے میں صیہونی حکومت اور لوگوں کا خون بہانے والوں کا مطمع نظر مسلم نوجوانوں کے اندر پائی جانے والی امید کو ختم کرنا ہے لیکن جلد ہی یہ حکومتیں خود ہی مایوسی کا شکار ہو جائیں گی-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے صیہونی حکومت سے عداوت رکھنے کے بجائے خود مسلمانوں میں ایک دوسرے کے تئیں کینہ رکھنے جیسے المیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حلب اور موصل کو تباہ و برباد اور مسلم نوجوانوں کے سرقلم کرنے کی ذمہ دار مغربی طاقتیں اور علاقے میں ان کے حامی ہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردوں کے قبضے سے شام کے شہر حلب کی آزادی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے حربے کے طور پر استعمال کرنے پر مبنی بڑی طاقتوں اور علاقے کی بعض ڈکٹیٹر حکومتوں کی پالیسیاں ناکام ہو جائیں گی-
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایک دن وہ آئے گا جب سبھی اسلامی ممالک صیہونی حکومت کے مقابلے میں ایک ہوجائیں گے، کہا کہ اسلامی امت واحدہ کا تصور، اسی وقت عملی جامہ پہنے گا جب امریکہ، برطانیہ اور دیگر بڑی طاقتوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے خداوند عالم کی ذات پر بھروسہ کیا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ اسلام کا مشترکہ دشمن اسرائیل اور امریکی اسلام ہے اور آج رسول اسلام (ص) کا لایا ہوا حقیقی اسلام، امریکی اسلام کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے- واضح رہے کہ تیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس جمعرات کو اتحاد اور تکفیری گروہوں کا مقابلہ کرنے کے نعرے کے ساتھ شروع ہوئی ہے-
اس کانفرنس میں ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے تین سو سے زائد مہمان شریک ہیں- اس تین روزہ کانفرنس کے دوران تکفیری گروہوں کا مقابلہ کئے جانے کے طریقوں کا جائزہ لیا جائے گا-