Wednesday 27 November 2024

14 August 2023

ترک وزیر برائے مذہبی امور کا سیرت کانفرنس سے خطاب، پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد پر

ترک وزیر برائے مذہبی امور کا سیرت کانفرنس سے خطاب، پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد پر


ترک وزیر برائے مذہبی امور نے سیرت کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کو دیکھ کر رشک آرہا ہے، سب علما اکٹھے بیٹھے ہیں اور ملکر شدت پسندی، تکفیر اور دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، اس اتحاد و اتفاق کو دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف کی دعوت پر ترکی کے وزیر مذہبی امور عالم دین ڈاکٹر مہمت گورمز ایک وفد کے ھمراہ سیرت کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان تشریف لائے۔

لاہور میں مختلف مسالک کے علمائے کرام سے اہم میٹنگ ہوئی ہے جس میں انہوں نے عالم اسلام اور امت مسلمہ کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی اور اپنی گفتگو میں کہا کہ اس وقت استعماری اور سامراجی دشمنان اسلام قوتیں امت مسلمہ کو کچلنے اور ٹکڑے کرنے میں شب و روز مصروف ھیں اور آئے روز نئی سازشیں ہو رہی ہیں تاکہ مسلمان کمزور ہو جب تک تمام امت ان کے مقابلے میں متحد نہ ہوگی یہ قوتیں عالم اسلام کو کمزور کرنے میں مصروف رہیں گی۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اسلام کے اس مقدس چہرے کو داغدار کرنے کے لئے مسلمانوں میں دہشت گرد گروہ بنا کر مسلمانوں کے گلے کاٹے جا رہے ہیں زندہ جلایا جا رہا ہے، وحشت و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے تو ضروری ہے کہ امت اور اسلام کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کے مقابلے کے لئے تمام امت سر جوڑ کر بیٹھے اپنی صفوں میں اختلافات ختم کرے اصل دشمنوں کو پہچانے تاکہ امت مضبوط ھو۔

ڈاکٹر مہمت گورمز نے ان باتوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کو دیکھ کر رشک آرہا ہے سب علما اکٹھے بیٹھے ہیں اور ملکر شدت پسندی، تکفیر اور دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں اس اتحاد و اتفاق کو دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے،اختلاف حق ہے مگر اختلافات کو عداوت میں تبدیل نہیں ہونا چاہئے۔ جو اسلام کے ٹھیکیدار خود کو ظاہر کر کے مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں وہ اسلام اور خدا سے مخلص نہیں ہیں حد تو یہ ہے کہ وہ شریعت کی بنیادوں کو پامال کرتے ہیں جبکہ اس وقت ان کو شریعت کا خیال نہیں ہوتا مگر چیونٹی پاؤں کے نیچے آکر کچلی جائے اس پر ان کی صدائیں بلند ہوتی ہیں کہ یہ شریعت کے خلاف کام ہو گیا۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف بھی اس ملاقات میں شریک تھے بلکہ انھیں کی کاوشوں سے یہ ملاقات ہوئی ہے۔