اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 42 مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور کوشش ہے کہ تمام ورثا کو ان کے پیاروں کی میتیں جلد از جلد شناخت کے بعد حوالے کردی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 42 مسافروں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، تمام میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی اور اس سارے عمل میں 6 سے 8 روز لگیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چترال سے اسلام آباد جانے والے پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 47 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔