کویٹہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح دہشتگردوں نے کل کویٹہ میں فائرنگ کرکے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک شیعہ مسلمان کو شھید کیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول کی شناخت علی خان ہزارہ کے نام سے ہوئی ہے،جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ہسپتال کے باہر عوام نے شیعہ مسلمانوں کی جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج کیا اورنعرے لگائے۔ پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔
ہر چند کہ ابھی تک مذکورہ حملے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم یا گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ تاہم صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں،من جملہ تکفیری دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ شیعہ مسلمانوں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے۔