Thursday 28 November 2024

14 August 2023

امریکی فوجی اڈے برداشت نہیں کریں گے، عراقی وزیراعظم

امریکی فوجی اڈے برداشت نہیں کریں گے، عراقی وزیراعظم


بغداد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ داعش کے خاتمے کے بعد غیر ملکی فوجیوں کی عراق میں موجودگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عراقی وزیر اعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ بغداد داعش کے خلاف جنگ کے خاتمے کے بعد کسی بھی ملک کو عراق میں اپنے فوجی اڈے قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی فوجی داعش کی مکمل شکست کے بعد بھی عراق میں باقی رہیں گے۔
عراق کے وزیر اعظم حیدرالبعادی نے موصل شہر میں داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے اور صوبہ نینوا کو بہت جلد داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے گا۔
انہوں نے ایک بار پھر یہ بات زور دیکر کہی کہ داعش کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران عام شہریوں کے تحفظ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حیدر العبادی نے سترہ اکتوبر کو موصل کی آزادی کے لیے بڑے فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا جس میں عراقی فوج، پولیس، عوامی رضاکار فورس اور کرد پیش مرگہ ملیشیا کے ساٹھ ہزار جوان حصہ لے رہے ہیں۔