الوقت کی رپورٹ کے مطابق حکومت عراق نے اربعین حسینی کے موقع پر زائرین حسینی کے پا پیادہ سفر کے آغاز پر سیکورٹی پلان پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
واضح رہے زائرین حضرت سید الشہدا علیہ السلام، عراق کے مختلف شہروں سے کربلا معلی کی طرف پیدل جاتے ہیں۔ ان زائرین میں لاکھوں غیر ملکی زائرین بھی شامل ہوتے ہیں۔
عراق کے ایک پولیس افسر نے کہا ہے کہ کربلا کو جانے والے تمام راستوں پر سیکورٹی فورس لگادی گئی تا کہ زائرین حضرت امام حسین علیہ السلام آسودہ خاطر ہوکر کربلا پہنچ سکیں۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ ایران اور عراق کے مابین سرحدی گذر گاہوں پر دسیوں ہزار زائرین کی بھیڑ ہے جو اربعین حسینی میں شرکت کرنے کربلا جانے کی خواہاں ہے۔
واضح رہے ہر سال بیس صفر کو اربعین حسینی کے دن کئی کروڑ زائر کربلا پہنچتے ہیں اور اس ارض مقدس پر پہنچ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیارے نواسے کا چہلم مناتے ہیں۔