اربعین امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لئے عراق کے دور ترین علاقوں سے عزاداروں کے پہلے گروپ نے پیدل کربلا کی جانب اپنا سفر باقاعدہ شروع کر دیا ہے۔ ہر قوم و قبیلے اور ہر رنگ و نسل کے عاشقان حسین نے اپنی نگاہیں کربلا کی جانب مرکوز کرلی ہیں اور اس روایت کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ عراقی شہری اور دوسرے ممالک کے باشندے بصرہ اور عراق کے دیگر جنوبی شہروں سے نکل کر کربلا کا رخ کر چکے ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق جگہ جگہ پر زائرین حسین(ع) کے آرام کے لئے خیمے لگائے گئے ہیں اور موکبوں، مساجد حتی کہ ذاتی مکانات میں اہل بیت رسول(ص) کے عقیدتمندوں کی پذیرائی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اربعین کے مارچ میں مراجع تقلید کے نمائندوں، مذہبی رہنماؤں اور عراق کے علاقائی اور قومی عہدے داروں نے بھی بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے مختلف شہروں اور قصبوں سے بھی امام حسین علیہ السلام کے عقیدتمندوں نے کربلا کی جانب اپنا سفر شروع کر دیا ہے۔ زائرین کی کثیر تعداد یہ سفر پیدل طے کر رہی ہے۔
اس موقع پر ایران کی پولیس کے اعلی عہدے داروں نے بھی اعلان کیا ہے کہ سرحدوں پر زائرین کے لئے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور ایرانی اور غیرملکی زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ہدایات فراہم کی جا چکی ہیں۔